مسلم قوم؛ فکری غربت کی شکار
آج کے دور میں مسلمانوں کی غربت اور پسماندگی کو دیکھتے ہوئے، دُنیا کے تقریباً سبھی طبقات کو دقتوں اور الجھن میں مبتلا کر رکھا ہے۔ دوسری قومیں بھی مسلم قوم کی غربت کا حوالہ دے کر آئے دن اپنی رائے اور مشورے سے نوازتی رہتی ہیں۔ اور مسلم قوم کے رہنما، دانشور، خودساختہ ری فورمر، سوشل ایکٹویسٹ، وغیرہ بھی ایک دوسرے طبقات کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں اور اپنے کو جو کام پسند ہے یا جس میں انہوں نے کامیابی حاصل کی ہے اُس کو بہتر ثابت کرنے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔ اور دوسرے طبقے کو نیچا دکھانے کی کوشش میں اپنی توانائی خرچ کرتے ہیں۔ جب ہی تو اُن کے ذہن میں اس طرح کی باتیں آتی ہیں اور وہ اظہار خیال کرتے ہیں۔ مثلاً
مدرسہ نے مسلمانوں کو غریب بنا دیا ہے؟
مسلم سماج کی غریبی؛ کیا صرف مدرسے ذمہ دار ہیں؟
پھر شروع ہوتا ہے ذات برادری اور علاقائی عصبیت کے طعنے؛ جس کی مثال دینا سماج میں ایک نیا خلفشار پیدا کرنے کے مترادف ہوگا۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا مسلم قوم واقعی اسلام پسند اور اسلامی اصولوں پر کاربند بھی ہے؟
کیا اسلام کے ماننے والوں کے لیے عبادات اور ظاہری لباس اور وضع قطع ہی کسی مسلم کے لیے کافی ہے؟ یا اسے دیگر معاملات میں بھی اسلامی اصول کی پابندی ضروری ہے؟ اگر ہم واقعی اسلام پسند ہیں؟ محمدﷺ کے پیروکار ہیں؟ تو یہ دیکھنا اور غور کرنا ضروری ہوگا کہ محمدﷺ جیسی کون سی خوبی ہمارے اندر نہیں ہے؟ اللہ کے رسولﷺ بچپن سے صادق اور امین کے لقب سے پہچانے جاتے رہے ہیں اور پوری زندگی اسی خصلت کے ساتھ ساری دنیا میں مشہور ہوئے۔ بحیثیت مسلمان ہمارے اندر یہ دو صفات کتنے فیصد لوگوں میں پایے جاتے ہیں؟
اس پر غور کرنا نہایت ہی ضروری ہے۔
ورنہ مذکورہ سوالات اور اس طرح کے سوال نما، کچّے پکّے، مضامین سوشل میڈیا کی زینت بنتے ہی رہیں گے۔جو کہ آج کے دور میں کمائی اور شہرت کا اچھا ذریعہ بھی ہے۔
یہاں تک کہ اب کئی مولوی اور مولوی نما حضرات و خواتین اپنی شکل و شباہت کی نمائش کرتے ہوئے درس دینے میں لگے ہوئے ہیں۔ باتیں اچھی کرتے ہیں، لیکن ان کی باتوں میں فکری غربت واضح طور پر سمجھ میں آ جاتی ہے، پھر سوشل میڈیا پر سرگرم مرد و خواتین اسے فاروڈ کرنے اور نیکی کمانے میں اپنا ایک دقیقہ ضائع نہیں کرتے۔ سوچے سمجھے اور غور کیے بغیر فارورڈ کر دیتے ہیں۔ نتیجہ یہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ جہاں یہ پچاس برس پہلے تھے، وہیں آج بھی ہیں۔ حالاں کہ موجودہ دور میں ہر فرد مادّی ضرورت میں خود کفیل بنتا ہوا دکھائی دے رہا ہے لیکن فکری انحطاط جاری ہے۔ سوشل میڈیا ایک عمدہ پلیٹ فارم ہے، لیکن اس پر نوے فیصد مواد جذباتی اور غیر مصدق پائے جاتے ہیں، جس پر غور و فکر کی صلاحیت اکثر افراد کے پاس نہیں ہے۔ جب کہ ایسی معلومات کو اکثر لوگ جذباتی انداز میں مثبت اور درست سمجھ رہے ہیں۔ جذباتی الفاظ، جملے یا سرخی ہی لوگوں کو کچھ اچھا کرنے یا لڑنے پر مجبور کرتے ہیں۔
یہ ہمارے سماج کا المیہ ہے کہ ڈھائی فٹ بھری ہوئی نالی کی صفائی پر توجہ نہیں دیتے اور کہتے ہیں کہ سڑک نیچی رہ گئی یا ہو گئی ہے۔ روزانہ کچرا خود بھرتے ہیں اور دوسروں کی برائی کرتے ہیں۔
صحت کے معاملے میں بیمار ہونے کی وجوہات پر غور نہیں کرتے اور اُن وجوہات کو ختم کرکے صحت مند رہنے میں عافیت محسوس نہیں کرتے بلکہ دوا، ڈاکٹر اور اسپتال سے امیدیں رکھتے ہیں اور انہیں کو موردِ الزام بھی ٹھہراتے ہیں۔
جب کہ جملہ تمام ہی معاشرتی معاملات میں اصل کی طرف توجہ دینے کے بجائے فروعی مسائل میں اُلجھ کر اپنا وقت، سرمایہ اور علم کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ غیراصولی، کمیاں، غیر منظم انداز، بدانتظامی پر غور و خوض کرنے اور درست کرنے کے لیے کوئی بھی اور کسی بھی شعبہ جات میں توجہ نہیں دیا جا رہا ہے۔ خواہ وہ دینی ادارے ہوں یا عصری ادارے۔ فرق صرف یہ ہے کہ عصری ادارے زیادہ تر حکومت کے خرچ پر چلتے ہیں اور دینی ادارے عوامی چندے پر چلتے ہیں۔ اس بات کو ذہن میں رکھا جائے کہ لفظ مدرسہ یا درس گاہ گزشتہ زمانے میں کسی بھی طرح کی تعلیم و تربیت کے مقصد کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، سبھی قومیں اسے علم و تربیت کا ذریعہ ہی سمجھتی تھیں۔ اب علم حاصل کرنے کے لیے اسکول کا لفظ استعمال کیا جانے لگا اور اس کی کئی قسمیں بنا لی گئی ہیں۔
پہلا؛ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والے تعلیمی ادارے کو اسکول کہاجانے لگا۔
اس کے بعد مذہبی تعلیم کے لیے گروکول، مدرسہ، یا کرشچین مشنری اسکول کہا جانے لگا۔ اور بھی کئی طرز کے تعلیمی ادارے ہیں جو اپنے مذہب یا رُجحان کو اوّلیت دیتے ہوئے اپنی نسلوں کو تعلیم و تربیت دیتے ہیں۔
غربت و افلاس کی اصل وجہ ذہنی اور فکری کجی ہے، جیسے کہ تعلیم کے معاملے میں بھی ایسا ہی ہے کہ انگلش کی کلاس میں اردو کی بات کریں گے، سائنس کی کلاس میں قرآن کے موضوع اوراحکام پر گفتگو کریں گے۔ اسکول کی تعلیم کو مدرسہ کی تعلیم سے موازنہ کریں گے اور مقابلہ بھی کریں گے۔ نتیجہ یہی آئے گا، جو عموماً بیان کیا جاتا ہے یا جو عمومی طور پر رائے قائم کی جاتی ہیں۔ کسی بھی معاملے میں مسابقہ ترقی کا اہم زینہ ہے لیکن مقابلہ ترقی کا زینہ ثابت نہیں ہو سکا ہے، عموماً جھگڑے کا سبب بنا ہے۔
جب دینی اداروں نے مسجد کے لیے امام اور مدرسہ کے لیے مولوی پیدا کرنے کا ٹھیکہ اپنے سر لے لیا ہے تو اُن اداروں سے یہی پیدا ہوں گے۔ کئی جگہ ہم نے یہ قول پڑھا کہ ’’یاد رکھیے اگر یہ مدرسے بند ہو گئے تو آپ کو مسجد کے امام و مؤذن اور نکاح و جنازہ پڑھانے والا کوئی شخص نہیں ملے گا‘‘
اور جب اسکولی یا عصری اداروں نے ڈاکٹروں، انجینئروں، اور دیگر شعبہ جات کے کاریگر پیدا کرنے کے ادارے کھولے ہیں تو وہاں سے بھی وہی پیدا ہوں گے جس غرض سے ادارے کھولے گئے ہیں اورچلائے جارہے ہیں۔
ہاں چند فیصد لوگ دوسرے میدانوں میں بھی کامیاب ہوں گے اور اپنی جگہ بنائیں گے، لیکن اُن کی بھی مخالفت کی جاتی رہی ہے اور کی جاتی رہے گی۔
ببول کے پیڑ سے آم کی توقع کیوں کر کی جا رہی ہے؟
اب رہی بات تربیت کی؛ تو جاننا چاہیے کہ معاشرے کے کسی بھی طبقہ میں تربیت کا معیار بدلتا جا رہا ہے۔ اپنے مسلک، ذات برادری، مطلب اور مذہب کی بنیادوں پر ہو رہا ہے۔ ورنہ جب تک تربیت کا معیار انسانیت تھا تب تک ہمارا معاشرہ بہتری کی طرف گامزن تھا۔ اب بہت کچھ بدل چکا ہے۔ تربیت کا میدان اب ’’انا‘‘ پر قائم ہو چکا ہے۔
ہر دور میں علم یا تعلیم روشنی کا ذریعہ رہا ہے، نہ کہ راستہ طے کرنے اور منزل پانے کا ذریعہ۔ راستہ طے کرنے کے لیے علم کی روشنی میں چلنا پڑے گا اور منزل حاصل کرنے کے لیے آپ کو درست راستے اور درست سوچ کے ساتھ محنت کرنا ہوگا۔ آپ کی ترقی، کامیابی، عزت اور شہرت وغیرہ حاصل کرنے میں آپ کی سوچ اور درست تربیت کا اہم کردار ہوتا ہے، نہ کہ تعلیم کا۔ تعلیم یافتہ شخص اب تک نوکر ی کرتا ہوا تو دکھائی دیا ہے۔ مالکانہ حق پر عموماً درست فکر اور درست سمت میں محنت کرنے والے لوگ ہی قابض ہیں۔
یہ دور مادّیت پرستی کا زمانہ ہے۔ ہر شخص پیسے کمانے کے پیچھے پاگل ہوا پڑا ہے۔ پیسے کمانا ہے، چاہے جیسے کمایا جائے۔ حلال و حرام کی تمیز ختم ہوتی جا رہی ہے۔ سوچ منفی بن چکی ہے۔ کسی بھی حالت میں پیسے کمانا ہے، اور کسی بھی حالت میں پیسے سے سہولت حاصل کرنا ہے۔ جو کہ نہایت غیر دانشمندانہ سوچ اور عمل ہے۔ غریب اور سست قسم کے لوگ اپنے بچوں کو مدرسہ میں ڈال کر خواب خرگوش میں چلے جاتے ہیں کہ اب جب اُن کا بچہ پڑھ کے نکلے گا تو زمانہ اُن کے پیچھے چگے گا۔ اور اُن کی جنّت پکّی ہو چکی ہے۔ اُسی طرح سرمایہ دار اور سست ذہن کے لوگ اپنے بچّوں کو عصری اداروں میں ڈال کر یہ سوچ چکے ہوتے ہیں کہ زمانے کے کاروبار اب اُن کے ہاتھ میںہے، اوردولت قدموں۔ دُنیا کی کوئی طاقت اب اُنہیں پیچھے نہیں دھکیل سکتی۔ جب کہ معاشرہ میں عموماً اس کا اُلٹا دیکھا اور برتا جا رہا ہے۔ سرمایہ دار اپنی کمائی ہوئی دولت یا تو چھوڑ کر مرتے ہیں، یا اسپتال کے حوالے کرکے مرتے ہیں۔ اور غریب تو غریب ہی ہیں، وہ کسم پرسی کی حالت میں مرتے ہیں، یا جب بیمار ہوتے ہیں تو چندہ کرکے علاج کراتے ہوئے مرتے ہیں۔ آخر اِن دونوں میں سے کون ہیں جو بہتر زندگی جیتے ہیں اور یادگار موت مرتے ہیں …؟؟؟
میرے نزدیک تو زندگی وہ ہے جو خود کی حالت سنوارنے کے ساتھ دوسروں کے لیے بھی بھلائی اور بہتری کا ذریعہ بنے۔ اور موت وہ کہ اُس کے ذریعہ کیے گئے کام سے زمانے کے لوگ استفادہ کریں۔ حالاں کہ ایسا بہت کم ہو رہا ہے۔ نہ دولت اُن کے کام آئی اور نہ اولاد۔ مرنے کے بعد تو رسمی طور پر لوگ جنازے میں شریک ہو جاتے ہیں اور بھلا دیے جاتے ہیں۔ جو بھلا دیے جاتے ہیں وہ زیادہ بہتر ہیں، کہ چلیے اُن کے بارے میں جو ہونا تھا وہ ہو گیا اگر اچھا کہنے والے نہیں ہیں تو برا کہنے والے بھی نہیں ہیں۔ لیکن جن لوگوں سے گلی محلّہ اور معاشرے کے لوگ پریشان رہے ہیں، اُن کے بارے میں کیا ہوتا ہے، وہ بھی آپ لوگ بخوبی جانتے ہیں۔ اگر وہ چپکے سے بھلا دیے گئے تو خیر ورنہ لوگوں کی زبان سے اُن کے بارے میں خیر کے کلمات تو نہیں نکلتے۔ اور جو نکلتے ہیں اُس سے آپ بخوبی واقف ہیں۔ تو بہتر ہے کہ اپنے بارے میں خود ہی سوچیے کہ آپ خود اپنے اور اپنے اہل عیال کے لیے کتنے مفید ہیں اور معاشرہ کے لیے کتنے مفید؟
لوگ کرتا پاجامہ ٹوپی لگا کر اوربرقع پہن کر کیسے معاشرے سے اپنی روزی کا بندوبست کر رہے ہیں، اور شریف قوم کو بدنام کر رہے ہیں۔ غربت و پسماندگی کی شکار صرف مسلم قوم ہی نہیں ہے، ہر قوم میں ایسے افراد پائے جاتے ہیں۔
اپنے اہلِ خانہ اور زیرِ کفالت افراد کی دینی اور اخلاقی تربیت ایک اہم دینی فریضہ اور ذمے داری ہے، جس کے متعلق قیامت کے دن ہر شخص جواب دہ ہوگا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے؛
یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا قُوۡۤا اَنۡفُسَکُمۡ وَ اَہۡلِیۡکُمۡ نَارًا وَّقُوۡدُہَا النَّاسُ وَالۡحِجَارَۃُ عَلَیۡہَا مَلٰٓئِکَۃٌ غِلَاظٌ شِدَادٌ لَّا یَعۡصُوۡنَ اللّٰہَ مَاۤ اَمَرَہُمۡ وَیَفۡعَلُوۡنَ مَا یُؤۡمَرُوۡنَ
اے ایمان والو! اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو اس آگ سے بچاؤ جس کا ایندھن لوگ اور پتھر ہیں، جس پر سخت مزاج اور طاقتور فرشتے مقرر ہیں جو اللہ کے حکم کی نافرمانی نہیں کرتے اور وہی کرتے ہیں جس کا انہیں حکم دیا جاتا ہے۔
حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ اس آیتِ کریمہ کی تفسیر بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں؛
’’اپنے اہل و عیال کی دینی و اخلاقی تربیت کرو اور انھیں خیر و بھلائی کی تعلیم دو، تاکہ وہ آخرت میں نامرادی و ناکامی اور دوزخ کی آگ سے نجات پا سکیں۔‘‘
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا؛
أَلَا كُلُّكُمْ رَاعٍ وَكُلُّكُمْ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ، فَالأَمِيرُ الَّذِي عَلَى النَّاسِ رَاعٍ عَلَيْهِمْ وَهُوَ مَسْئُولٌ عَنْهُمْ، وَالرَّجُلُ رَاعٍ عَلَى أَهْلِ بَيْتِهِ وَهُوَ مَسْئُولٌ عَنْهُمْ، وَالْمَرْأَةُ رَاعِيَةٌ عَلَى بَيْتِ بَعْلِهَا وَوَلَدِهِ وَهِيَ مَسْئُولَةٌ عَنْهُمْ، وَالْعَبْدُ رَاعٍ عَلَى مَالِ سَيِّدِهِ وَهُوَ مَسْئُولٌ عَنْهُ فَكُلُّكُمْ رَاعٍ وَكُلُّكُمْ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ".
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا؛ ’’ خبردار سن لو! تم میں سے ہر شخص اپنی رعایا کا نگہبان ہے اور (قیامت کے دن) اس سے اپنی رعایا سے متعلق بازپرس ہو گی؛ لہٰذا امیر جو لوگوں کا حاکم ہو وہ ان کا نگہبان ہے اس سے ان کے متعلق بازپرس ہو گی اور آدمی اپنے گھر والوں کا نگہبان ہے اور اس سے ان کے متعلق پوچھا جائے گا اور عورت اپنے شوہر کے گھر اور اس کے اولاد کی نگہبان ہے اس سے ان کے متعلق پوچھا جائے گا غلام اپنے آقا و مالک کے مال کا نگہبان ہے اور اس سے اس کے متعلق پوچھا جائے گا، تو (سمجھ لو) تم میں سے ہر ایک راعی (نگہبان) ہے اور ہر ایک سے اس کی رعایا کے متعلق پوچھ گچھ ہو گی‘‘
ثابت یہ ہوا کہ ضرور پوچھا جائے گا کہ تو نے کس طرح اپنی رعایا کی نگہبانی کی شریعت کے مطابق یا خلاف شرع۔ اور خواتین سے کہ شوہر کے مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کی اور اس کے بچوں کی اچھی تعلیم وتربیت کی یا نہیں۔
اس حدیث میں ہر شخص کو اس کے گھر والوں کا، جن میں اس کی بیوی بچے شامل ہیں، ذمے دار، نگران اور محافظ بتلایا گیا ہے اور متنبہ کیا گیا ہے کہ ہر شخص سے اس کے ماتحت لوگوں سے متعلق سوال کیا جائے گا کہ اس نے کہاں تک ان کی اسلامی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا۔
لہٰذا اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور برتیں، کس کا کون ذمہ دار ہے؟ یا کسی کی وجہ سے کس کا بگڑ رہا ہے؟ یہ سوال کرنے اور ثابت کرنے اور ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور نبھائیں۔ معاشرہ بہتر ہو جائے گا۔ ان شاء اللہ
ڈاکٹر فیروز رحیمی (محمد فیروز عالم)
۱۹؍نومبر۲۰۲۶
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
No comments:
Post a Comment